Home / گلستان ِ اقبال

گلستان ِ اقبال

کسی بھی قوم کے عروج وزوال میں عورت ایک کلیدی کردار ادا کرتی ہے کیوں کہ اسکی گود نسل ِانسانی کے اخلاق و کردار کو مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب اسکا اپنا اخلاق و کردار مثالی ہو ۔  عصرِحاضر میں معاشرتی اصلاح کے لئے اپنے اسلاف کی تعلیمات کو سمجھنا اور عمل کرنا اشد ضروری ہے  ۔ اسی ضرورت کے پیش نظر علامہ محمد اقبال کی تعلیمات کی روشنی میں خوا تین کی کردار سازی کے لئے ایوانِ اقبال کمپلیکس میں   ۷ مارچ  ۲۰۱۴ کو اپنی طرز کی ایک منفرد “گلستان ِاقبال” کی بنیاد رکھی جس میں مختلف شعبہ جات سے متعلق خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے اسکی ممبرشپ حاصل کی۔

گلستان ِاقبال کی ادبی نشست کا اہتمام مختلف علمی و ادبی شخصیات کی زیرصدارت ہر ماہ کی پہلی بدھ بوقت بجے بمقام کمیٹی روم نمبر ۳ ایوان ِاقبال میں کیا جاتا ہے جس میں با ذوق اور باشعور خواتین بھر پور شرکت کرتی ہیں ۔  اجلاس میں علامہ اقبال کی تعلیمات اور انکی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو مضامین کی صورت میں پیش کیا جاتا ہے بعد ازاں ان مضامین پر سیر حاصل تبصروں کی بدولت مزید گہرائی سے موضوع کو جانچا اور پرکھا جاتا ہے۔  تاکہ مکمل استفادہ ممکن ہو سکے . علامہ کی شا عری کو پڑھنے کا شوق پیدا کرنے کے لئے کلام ِاقبال سے متعلق بیت بازی کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ ہر ماہ حروفِ تہجی کی ترتیب سے علامہ کے اشعار سنائے جاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں خواتین کلام ِاقبال کو اپنی خوبصورت آوازوں میں ترنم کے ساتھ بھی پیش کرتی ہیں ۔

علامہ کی شا عری کا ایک بہت بڑا  ذخیرہ فارسی زبان میں ہے جس تک رسائی کے لئے خواتین کے لئے ایک لیکچر کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جس میں فارسی شا عری کا ترجمہ اور قابل ِقدر تشریح کرتے ہوئے اس میں موجود پیغام کو موثر انداز میں حاضرین تک پہنچایا جاتا ہے ۔  آخر ا لذکر مہمان ِخصوصی اپنی علمی و ادبی گفتگو سے اذہان کو مزید جلا بخشتے ہیں ۔  ایوان ِاقبال انتظامیہ کی جانب سے میزبانی کے فرائض بحسن و خوبی انجام دیتے ہوئے تمام حاضرین کی بہترین تواضع کی جاتی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *